اوٹاوا (این این آئی) کینیڈا میں بھارت کے یوم آزادی کی تقریبات پر خالصتان تحریک کے حامیوں نے دھاوا بول دیا۔ مظاہرین نے بھارتی پرچم پھاڑ دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹورنٹو کے مرکز ناتھن فلپس سکوائر پر خالصتان تحریک کے مظاہرین کے ایک گروپ نے بھارت مخالف نعرے لگائے، انڈیا ڈے پریڈ ایک سالانہ تقریب ہے جو ہندوستان کے یوم آزادی کا جشن مناتی ہے اور ٹورنٹو کمیونٹی کے اندر متحرک بھارتی ثقافت اور ورثے کی نمائش کرتی ہے۔ تاہم، رواں سال کی تقریب خالصتانی مظاہرین کے جارحانہ رویے کے سبب ناخوشگوار ثابت ہوئی۔ جنہوں نے پرامن تہوار میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ مذکورہ واقعے سی سی ٹی وی فوٹیج کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا، جس پر بھارتی حکومت اور کینیڈا میں مقیم بھارتی باشندوں کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا۔ بہت سے افراد نے بھارتی پرچم کی بے حرمتی اور ثقافتی تقریب میں خلل ڈالنے پر اپنی مایوسی اور تشویش کا اظہار کیا۔