ختمِ نبوت امتِ کا بنیادی اورمضبوط عقیدہ ہے،مفتی منیب الرحمن

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) در بارِ عالیہ عید گاہ شریف میں حضور نبی کریم کے ارفع و اعلیٰ میلاد پاک بارہویں شریف کے موقع پر عظیم الشان عقیدہِ ختمِ نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس کی صدارت سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کی اور محفل کے مہمانِ خصوصی مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن تھے جبکہ علامہ سید مظفر حسین شاہ قادری اور علامہ  لیاقت علی الازہری نے خصوصی شرکت کی۔ مفتی منیب الرحمن نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہِ ختمِ نبوت امتِ مسلمہ کا بنیادی، مضبوط اور قدیم عقیدہ ہے جس کی حفاظت اور سر بلندی کے لئے آستانہِ عالیہ عید گاہ شریف کا کردار نہایت مخلصانہ اور آبِ زر سے لکھنے کے لائق ہے۔ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہمارے نبیؐ کی ایک بے مثال اور امتیازی شان ختمِ نبوت ہے علامہ سید مظفر حسین شاہ قادری نے کہا عید گاہ شریف سے ہمیشہ امتِ کے بنیادی عقائد جن میں عقیدہ توحید و رسالت اور عقیدہ ختمِ نبوت شامل ہیں۔ ان کی تبلیغ و اشاعت کے لئے ہر ممکن سعی کی گئی۔ علامہ لیاقت الازہری نے کہا فروغِ عشقِ رسولِ مقبول  ، مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود اور استحکامِ پاکستان کے خوبصورت پیغام میں عید گاہ شریف پیش پیش رہی ہے۔ کانفرنس میں کثیر تعداد میں جید علماء￿  کرام اہلِ سنت والجماعت علامہ حافظ ظہور، مرکزی صدور میلاد کمیٹی، قاری رفیق شاکر و دیگر،نعت خوانانِ عظام جن میں حافظ غلام مصطفی قادری، عبد الکبیر نقشبندی، حافظ جلال، حافظ عامر شہزاد، حافظ غلام مصطفی و دیگر، وابستگانِ عید گاہ شریف، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کااختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات اور آباد کاری کے لیے خصوصی دعا پر ہوا جس کے بعد وسیع  و عریض لنگر کا اہتمام بھی تھا۔

ای پیپر دی نیشن