الیکشن 2024ء: نوجوانوں نے ملکی تاریخ کا بلند ترین ٹرن آؤٹ رہا، پلڈاٹ 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) نے عام انتخابات 2024ء میں نوجوانوں کی شمولیت کے بارے میں رپورٹ جاری کر دی۔ پلڈاٹ کی رپورٹ کے مطابق نوجوان ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 48 فیصد رہا جو کہ ملکی تاریخ میں نوجوانوں کا سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ ہے۔ پلڈاٹ کے مطابق 2024ء کے انتخابات میں نوجوانوں کا ووٹر ٹرن آؤٹ 2018ء کے انتخابات کے مقابلے میں گیارہ فیصد تھا اور نوجوان ووٹرز کا ٹرن آؤٹ مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ سے بھی زیادہ رہا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن میں 18 سے 35 سال کے رجسٹرڈ ووٹرز 44.2 فیصد تھے۔ پیپلز پارٹی نے 2018ء میں 18 فیصد اور 2024ء میں گیارہ فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیئے جبکہ پی ٹی آئی نے 2018 ء میں 17 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیئے تھے۔ ایم کیو ایم نے 2018ء میں 17 فیصد اور 2024ء میں 19 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیئے۔ مسلم لیگ (ن) نے 2018 ء میں 13 فیصد اور 2024ء میں 11 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیئے۔ اس کے علاوہ ٹی ایل پی نے 2018ء میں 36 فیصد اور 2024ء میں 28 فیصد ٹکٹ نوجوان کو دیئے۔ پلڈاٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 48 فیصد نوجوانوں کے مطابق ملک کا سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے۔ 45فیصد نوجوانوں کے مطابق سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری جبکہ 31فیصد  کے مطابق ملک کا سب سے بڑا چیلنج مذہبی انتہا پسندی ہے۔

ای پیپر دی نیشن