کراچی (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے سندھ کو بجلی کی قیمت میں 14 روپے فی یونٹ سبسڈی دینے کا مطالبہ کر دیا۔ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ بجلی بلوں پر صرف پنجاب کو ریلیف دینا امتیازی سلوک ہے۔ 14 روپے فی یونٹ کی سبسڈی اگر صوبہ نہیں دے سکتا تو وفاق دے۔ اب بھی اگر ہوش کے ناخن نہ لیے تو چند دنوں میں کراچی کی سڑکوں پر انتشار نظر آئے گا۔ فاروق ستار نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کو بھی واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ ناانصافیوں، ظلم و جبر، امتیاز کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ بجلی کی قیمت کو ساتویں آسمان سے بھی اوپر پہنچا دیا گیا ہے۔ لوگوں کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ سٹریٹ کرائم کریں، مجبور کیا جا رہا ہے کہ لوگ سڑکوں پر بیٹھ جائیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ اللہ نہ کرے کوئی سول نافرمانی ہم سے شروع ہو جائے۔
وفاق سندھ کو بھی بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دے ورنہ کراچی میں انتشار: فاروق ستار
Aug 20, 2024