اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات مشرق بینک کے صدر، جی سی ای او احمد عبدل آل سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں پاکستان کے اقتصادی منظرنامہ اور سرمایہ کاری کے مواقع پر مفید بات چیت ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ بورڈ آف ریونیو، سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات، ٹیکس کی بنیاد میں وسعت، کاروبار میں آسانی، ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے کلی معیشت کے ماحول کو مستحکم کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ مشرق بینک کے صدر/ جی سی ای او نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے مشر ق بینک کی پاکستان کے مالیاتی شعبے میں اپنی مصروفیات کو گہرا کرنے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔