کامونکی(نمائندہ خصوصی)بااثر افراد نے گلی کے سامنے بند باندھ کر پانی کا نکاس بند کردیا۔تفصیل کے مطابق محلہ سلامت پورہ گلی گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول وارڈ نمبر 3 میں گزشتہ دو ماہ سے پانی کا نکاس نہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی گلی میں جمع ہونے کے ساتھ درجنوں گھروں میں داخل ہوچکا ہے۔اس سلسلہ میں اہلیان علاقہ نے متعدد بار میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کو آگاہ کیا مگر ابھی تک شنوائی نہیں ہوئی گلی کے رہائشیوں نے بتایا کہ کچھ دن قبل میونسپل کمیٹی کا عملہ پانی کے نکاس کیلئے پیٹر انجن لیکر آیا ۔بااثر شخص کے گھر دو دن پیٹر انجن رکھا اور بعد میں واپس لے گئے انہوں نے بتایا کہ گلی کے سامنے بااثر افراد نے مٹی سے بند باندھ دیا ہے جس سے پانی کا نکاس بالکل بند ہوگیا جب اسے بند ختم کرنے کا کہا جاتا ہے تو وہ گالم گلوچ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگتا ہے۔ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ اس مسئلہ کے حل کیلئے ہم کام کررہے ہیں جلد مسئلہ حل ہو جائے گا۔