غزہ (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) اسرائیل فوج کی جانب سے غزہ میں صحافیوں پر حملہ کیا گیا اور خان یونس میں کوریج کرنے والے صحافیوں پر صیہونی فوجیوں نے براہ راست گولیاں چلائیں۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک خاتون صحافی کو کمر میں گولی مار کر زخمی کر دیا۔ دیگر صحافیوں نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔ غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی بمباری سے 25فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب القسام بریگیڈ نے اسرائیلی قافلے پر حملے کی ویڈیو جاری کر دی اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم کی جانب سے حملے میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا ہے۔ جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی گاڑی کے نزدیک دھماکے میں تین یو این اہلکار زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی علاقہ گلیلی میں حزب اﷲ کے ڈرون حملے میں اسرائیلی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ فوجی کا نام محمود عماریہ بتایا جاتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیلی صدر اسحاق ہروزوگ سے ملاقات کی اور غزہ میں جنگ بندی سے متعلق گفتگو کی۔ صدر اسحاق ہرزوگ نے کہا یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے میں ناکامی کی ذمہ دار حماس ہے۔ اسرائیلی صدر نے امریکا، مصر اور قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اب بھی پرامید ہیں، ثالثوں کے ذریعے ہونے والے غزہ میں جنگ بندی مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیلی صدر سے کہا کہ قطر میں جاری غزہ جنگ بندی مذاکرات فیصلہ کن لمحہ ہے اور شاید یہ بہترین اور آخری موقع ہے کہ سیز فائر ہو، یرغمالی گھروں کو واپس پہنچیں اور خطے میں پائیدار امن قائم ہو۔ کام کرنے کا وقت آگیا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کوئی اشتعال انگیزی نہ ہو، کوئی ایسی کارروائی نہ ہو جو جاری معاہدے کے خاتمے کا باعث بنے۔ جنگ کے خاتمے تک پہنچنے کا شاید یہ آخری موقع ہے۔ انٹونی نے 3 گھنٹے نیتن یاہو سے بھی ملاقات کی۔ اسرائیلی وزیراعظم نے حماس کی قید میں یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق امریکہ کی نئی تجویز کا خیرمقدم کرنے کی حمایت کا یقین دلایا۔غزہ میں ایک اور اسرائیلی فوجی افسر اسرائیلی فوج کے حملے میں مارا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کا افسر اس عمارت میں موجود تھا جس پر اسرائیلی فورسز نے حملہ کیا۔
صحافیوں پر اسرائیلی فائرنگ بمباری ، 25فلسطینی شہید جنگ بندی ، یرغمالیوں کی رہائی کا آخری موقع : امریکی وزیرخارجہ
Aug 20, 2024