لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا سٹیڈیمز بننے دیں بھارت سمیت سب ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم لاہور کی مین بلڈنگ کی تعمیر کا پی سی بی عہدیداران، ایف ڈبلیو او دیگر کنسٹرکشن کمپنیوں کے نمائندوں کے ہمراہ جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا جتنی تیزی سے ممکن ہے دن رات تعمیراتی کام جا ری ہے۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل کراچی، لاہور اور راولپنڈی سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرنا ایک چیلنج ہے۔ پر امید ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل کام مکمل کر لیں گے۔اسٹیڈیم مکمل ہونے دیں بھارت سمیت سب ٹیمیں آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اور دنیا کے سٹیڈیمز میں زمین آسمان کا فرق ہے، کوئی بھی سٹیڈیم انٹرنیشنل معیار کا نہیں ہے، ہمیں اسٹیڈیمز کا معیار بڑھانا ہے۔ کسی قسم کی کوآرڈی نیشن میں کمی نہیں ہے۔ ہمیں سکیورٹی اداروں نے کہا کہ تماشائیوں کے بغیر میچز کرائیں اور اب ہم نے ٹیسٹ بھی مشاورت سے منتقل کیا۔ مزید ردو بدل بھی ہو سکتا ہے یہ ایک چیلنج ہے۔ قذافی سٹیڈیم کے قریب ہوٹل کیلئے بلڈنگ لے لی ہے لیکن یہ ایک پیچیدہ مرحلہ ہے۔ ہفتہ 10 روز میں فیصلہ ہو جائے گا کہ یہ پروجیکٹ چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل ہو سکتا ہے یا نہیں کیونکہ بلڈنگ کو ہوٹل کی شکل دینا ہے۔