اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقاتیوں کی فہرست محدود کر دی گئی

Aug 20, 2024 | 16:08

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست محدود کر دی گئی،آج 3افراد کو ملاقات کی اجازت مل سکی، بانی پی ٹی آئی سے آج اڈیالہ جیل میں پارٹی کے 3 افراد نعیم پنجوتھہ، خالد شفیق اور نصیر الدین نیّر کو ملاقات کی اجازت ہو گی۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ شوکت بسرا،انتظار پنجوتھا اور خرم کو بانی پی ٹی آ ئی سے ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی ہے ۔ 

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتیوں کی فہرست محدود کرنے کا فیصلہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سہولت کاری اور پیغام رسانی کے الزام میں مزید افراد کی گرفتار یوں کے بعد کیاگیا ہے ۔واضح رہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ سہولت کاری کے الزام میں جیل کے مزید 6 ملازمین کو حراست میں لیکر ان سے تفتیش کا آغاز کر دیاگیا ہے ۔ 


 
 
 
  
 
 
 
 
 
 
 
 
  
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سہولت کاری اور ان کیلئے پیغام رسانی کے نیٹ ورک کے معاملے میں انکشافات ہوتے جا رہے ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق سکیورٹی اداروں نے سہولت کاری میں ملوث مزید 6 ملازمین سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔حراست میں لئے گئے جیل ملازمین میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جن میں ایک خاتون سوئپر، 2 لیڈی وارڈنز اور سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی کرنے والے 3 اہلکار شامل ہیں جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ خواتین سٹاف جیل میں بشریٰ بی بی اوربانی پی ٹی آئی کے درمیان پیغام رسانی کرتا تھا جب کہ حراست میں لئے گئے ملازمین کے موبائل فون بھی قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔ اڈیالہ جیل میں نگرانی کیلئے افرادی قوت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ 14 اگست سے اب تک عمران خان کیلئے جیل میں سہولت کاری کے الزام میں 16 ملازمین سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ خیال رہے کہ سکیورٹی اداروں نے عمران خان کی سہولت کاری کے الزام میں اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو بھی حراست میں لیا تھا جبکہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔یہ بھی بتایاگیا تھا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم پربانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام لگایا گیا تھا اور انہیں اختیارات سے تجاوز کرنے پر تحویل میں لیا گیا تھا۔ سکیورٹی اداروں کی جانب سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سے تحقیقات جاری ہیں۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر خفیہ طور پر بانی پی ٹی آئی کیلئے پیغام رسانی کا بھی الزام تھا۔سکیورٹی اداروں کی جانب سے اس حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو آگاہ کردیا گیاتھا۔ تحقیقات کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی۔

مزیدخبریں