سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو پیغام دو کہ وہ اس کرسی پر آکر بیٹھے جائیں اور میں وہاں چلا جاتا ہوں، میری طبیعت ابھی ناساز ہے، عدالت کے احترام میں آیا ہوں، معزز جج کا حکم تھا اس لئے بیماری کی حالت میں آنا پڑا،سپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عدالتوں کے احترام میں آج پیش ہوا ہوں ۔ صحافی نے سوال کیا کہ آج سے تین سال پہلے اسی عدالت میں اسی کرسی پر شہباز شریف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں بیٹھے ہوئے تھے اور آج آپ یہاں بیٹھے ہیں تو پرویز الٰہی اس پر مسکراتے ہوئے بولے کہ شہباز شریف کو پیغام دیدو کہ وہ اس کرسی پر آکر بیٹھ جائیں اور میں وہاں چلا جاتا ہوں ۔ اسی دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل عامر سعید راں نے کہا کہ پرویز الٰہی ملکی سیاست پر بات نہیں کریں گے جس پر پرویز الٰہی بولے کہ میرے لیگل ایڈوائزر بیٹھے ہیں باقی وہ آپکو بتائیں گے۔دریں اثناءسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی و دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی کارروائی 19 ستمبر تک ملتوی کر دی۔لاہور کی سپیشل سینٹر کورٹ میں پرویز الٰہی و دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب، زارا الٰہی و دیگر ملزمان نے عدالت پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔ پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے عامر سعید راں ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔ دوران سماعت پرویز الٰہی نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ طبیعت بہت ناساز ہے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو کمرہ عدالت میں بیٹھے کی ہدایت کردی۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل نے کہا کہ زارا الٰہی پردہ نشین خاتون ہیں ان کی مستقل حاضری معافی کی درخواست دائر کی ہے۔ جب فرد جرم عائد ہوگی اس وقت آجائیں گی۔بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی، زارا الٰہی و دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی مزید کارروائی 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔