وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ ایک سے دو ماہ میں حکومت آئی پی پیز کے حوالے سے خوش خبریاں سنائے گی۔ پاکستان بہتری کی طرف جائے گا، اس معاملے پر کام ہو رہا ہے۔اسلام آباد میں منگل نوجوانوں سے متعلق کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 29 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنےکی ضرورت ہے، توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ توانائی کےشعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔ دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ برداشت کرلیں تو 50 ارب کا فائدہ ہو گا، کوئی شک نہیں کہ خطے میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی دے رہے ہیں، ڈالر کی وجہ سے کیپسٹی پیمنٹ بڑھ کر 18 روپے ہوگئی ہے۔وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہا کہ ایک سے دو ماہ میں حکومت آئی پی پیز کے حوالے سے ایسی ایسی خوش خبریاں سنائے گی کہ عوام اور صنعت کاروں سب کا فائدہ ہو گا، پاکستان بہتری کی طرف جائے گا، اس معاملے پر کام ہو رہا ہے۔ حکومت اور خفیہ ادارے سمیت متعدد ادارے سب اس پر اکٹھے کام کررہے ہیں اور جلد آئی پی پیز پر نتائج دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آئی پی پیز سے متعلق بہت کھل کر بات ہوئی، جس کا حکومت وقت کو بھی فائدہ پہنچا۔ ’ایسی ایسی باتیں کی گئیں جو وزارت کی طرف سے نہین کی جا سکتی ہیں۔ اور ہمیں اس سے فائدہ بھی ہوا۔‘اویس خان لغاری کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز سے متعلق ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے اور قوم کو اس سلسلے میں آئندہ ایک سے دو ماہ میں خوشخبری دی جائے گی۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے آئی پی پیز کے ساتھ بین الاقوامی معاہدے کیے ہوئے ہیں، جن پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں صنعتوں کو کم قیمت پر بجلی مہیا کر رہی ہے، جس کا بوجھ وفاقی حکومت اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے ملک میں صنعتیں بھی بند ہو رہی ہیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ کم آمدن والے صارفین کو کو سستی بجلی دی جاتی ہے، جس کا بوجھ دوسرے صارفین اٹھا رہے ہیں۔
حکومت ایک سے دو ماہ میں آئی پی پیز کے حوالے سے خوش خبریاں سنائے گی: اویس لغاری
Aug 20, 2024 | 16:23