بشریٰ بی بی سانحہ 9 مئی کے 12 مقدمات سے ڈسچارج

Aug 20, 2024 | 18:18

ویب ڈیسک

راولپنڈی: انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کو 9 مئی کے 12 مقدمات سے ڈسچارج کر دیا۔اے ٹی سی میں وکلا صفائی کی جانب سے بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر دلالئل دیے گئے جس کے بعد عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے سابق خاتون اوّل کو مقدمات سے ڈسچارج کیا۔بشریٰ بی بی کی جانب سے سلمان صفدر جبکہ 9 مئی کے مقدمات کے تفتیشی افسران عدالت میں پیش ہوئے۔ اے ٹی سی کے جج ملک اعجاز آصف نے درخواست پر سماعت کی۔16 اگست کو پولیس نے 9 مئی کے مقدمات میں بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کیلیے انسداد دہشتگردی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ابتدائی طور پر ملزمہ کو شامل تفتیش کرنے کی درخواست دی گئی تھی تاہم انسداد دہشتگردی عدالت نے کہا تھا کہ ملزمہ کو کمرہ عدالت میں پیش کیے بغیر جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔بشریٰ بی بی کو اگلے دن اڈیالہ جیل میں اے ٹی سی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہونی تھی۔قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے آج بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس ٹو سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا .جس کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔بشریٰ بی بی کو بلغاری جیولری سیٹ 7 سے 10 مئی 2021 کے دورہ سعودی عرب پر دیا گیا جس میں ایک انگوٹھی، بریسلٹ، نیکلس اور ایک جوڑی بالیاں شامل ہیں۔شواہد کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا۔ ڈپٹی ایم ایس نے 18 مئی 2021 کو ایس او توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے کے بارے میں آگاہ کیا۔ سیکشن افسر توشہ خانہ کو ڈکلیئر کرنے کے بارے میں آگاہ کیا گیا لیکن سیٹ جمع نہیں کروایا گیا۔بلغاری کمپنی نے فرنچائز سالوجنٹ ٹریڈنگ سعودی عرب کو ہار، بالیاں فروخت کی تھیں، 25 مئی 2018 کو ہار 3 لاکھ یورو، بالیاں 80 ہزار یورو میں فروخت کی گئی تھیں تاہم کمپنی سے بریسلٹ اور انگوٹھی کی قیمت کے بارے میں معلومات نہیں مل سکیں۔بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قمیت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی ہے۔ جیولری سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے جبکہ جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی ہے۔توشہ خانہ رولز کے مطابق 50 فیصد دے کرسیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔بانی پی ٹی آئی نے اہلیہ سے مل کر نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 9، سب سیکشن 3 ،4،6 اور 12 کی خلاف ورزی کی. یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پر انکوائری شروع ہوئی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کیا. بانی پی ٹی آئی نے وزارت عظمیٰ کے دور میں 108 تحائف میں سے 58 اپنے پاس رکھے۔

مزیدخبریں