کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ چھوٹے بھائی نے بجلی مہنگی کی، بڑے نے صرف پنجاب کو ریلیف دیا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے زیادہ سخت تقریر کرسکتے ہیں لیکن ہم پورے ملک کا سوچتے ہیں ایک صوبے کی سوچ نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے بھائی نے بجلی مہنگی کی بڑے بھائی نے صرف پنجاب میں دو ماہ کے لیے سستی کردی اگر ریلیف دینا ہے تو لانگ ٹرم دیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اشتہاروں میں ریلیف کے ڈھول پیٹ دیے. ہم 200 سال تک کے لیے حل دے رہے ہیں ہم سے پلان لے لیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ عجیب و غریب اعلانات ہوتے رہتے ہیں جس سے ہم پریشانی میں آجاتے ہیں کہ ان بیوقوفانہ اعلانات کا جواب کیا دیں۔ان کا کہنا تھ اکہ نہیں معلوم لوگ وقت نکال پر ٹی وی پر کیسے آجاتے ہیں اگر میں ٹی وی پر آکر بولتا رہوں گا تو کام کس وقت کروں گا، کام بتانے سے زیادہ کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ اعلان کیا تھا کہ پنجاب حکومت نے ایک سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فی یونٹ 14 روپے کمی کردی ہے۔نواز شریف نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت نے اگست اور ستمبر کے بلوں میں فوری ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے.500 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو 14 روپے فی یونٹ تک ریلیف دیا جائےگا. پنجاب حکومت کے مختلف شعبوں سے 45 ارب روپے نکال کر عوام کو ریلیف دیں گے۔