بھائی آپ لوگوں کو یقین کیوں نہیں ہو رہا سندھ میں پچھلے 16 سال سے حکومت آپ کی ہے مریم نواز کی نہیں:عظمیٰ بخاری

Aug 20, 2024 | 18:49

ویب ڈیسک

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز کو پنجاب کی خدمت کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھائی آپ لوگوں کو یقین کیوں نہیں ہو رہا سندھ میں پچھلے 16 سال سے حکومت آپ کی ہے مریم نواز کی نہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنے صوبے کے فنڈ سے پنجاب کے لوگوں کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا ہے. پنجاب میں مریم نواز کی حکومت ہے ظاہر ہے وہ یہاں ہی لوگوں کو ریلیف دے سکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر سندھ میں بھی مسلم لیگ ن کی حکومت ہوتی تو آج مریم نواز سندھ کے لوگوں کو بھی یہ ریلیف دیتی.وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا اس بات کا آپ کی لیڈر شپ کو بھی علم ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تنقید برائے تنقید اور الزام برائے الزام کی سیاست سے نکل آئیں پلیز، اگر آپ کو خدمت کا موقع ملا ہے تو عوام کی خدمت کریں. مریم نواز تو پنجاب کی خدمت کریں گی اس سے انکو کوئی بھی نہیں روک سکتا۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ سات ماہ سے تحریک انصاف مریم نواز کے ہر عوام دوست اقدام پر تنقید کر رہی ہے. اب پیپلز پارٹی بھی پنجاب کے عوام سے اس قدر تعصب کا مظاہرہ کرے گی یہ سوچا نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف کی بی ٹیم کا رول کب سے ادا کرنے لگ گئی؟ مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ نے پہلے بھی پاکستان سے لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ اب بھی مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکالے گی۔

مزیدخبریں