اسلام آباد/کراچی (آئی این پی) الیکشن کمشن کا مشاورتی اجلاس آج چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اسلا م آباد میں ہوگا جس میں کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کی تشکیل اورانتخابی ضابطہ اخلاق کی تیاری کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے مشاورت کی جائے گی،ادھر سپریم کورٹ کے حکم پرعملدر آمد کرتے ہوئے کراچی کے68 لاکھ رائے دہندگان کی تصدیق کا عمل جاری ہے جسے17 جنوری تک مکمل کرنے کے بعد ووٹرز کی حتمی فہرست شائع کی جائیگی۔ الیکشن کمشن کے آج ہونے والے مشاورتی اجلاس میں شرکت کیلئے سیاسی جماعتوں کوپہلے ہی خطوط ارسال کر دئیے تھے۔ نئی سکیم کے تحت ووٹروں کے لیے ہر دو کلو میٹر کے فاصلے میں پولنگ سٹیشن بنیں گے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر پولنگ اسٹیشنز کی تعداد میں 25ہزار کا اضافہ کیاجائے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 48اور این اے 49 کیلئے نئی پولنگ اسکیم تیار کی گئی ہے۔ پہلے اسلام آباد کے لیے 379 پولنگ سٹیشنز تھے جو بڑھ کر 538 ہوجائیں گے۔ دریں اثناءسپریم کورٹ کے حکم پر عملدر آمد کرتے ہوئے کراچی کے68 لاکھ رائے دہندگان کی تصدیق کا عمل جاری ہے جسے 17 جنوری تک مکمل کرنے کے بعد ووٹرز کی حتمی فہرست شائع کی جائیگی ۔
الیکشن کمشن نئی حلقہ بندیوں، ضابطہ اخلاق پر آج سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریگا
Dec 20, 2012