لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب پیرا میڈیکل الائنس کا اپنے مطالبات کے حصول کے لئے وزیراعلیٰ ہاﺅس کے سامنے رات گئے تک دھرنا دیا گیا اور ان کی جانب سے گھروں کو نہ جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ الائنس نے آج پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے آﺅٹ ڈورز بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ دوسری جانب پیرا میڈیکل الائنس کے رہنما ملک منیر کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی بے حسی پر رونا آ رہا ہے اب ہم بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹےں گے محکمہ صحت کو پیرا میڈیکل سٹاف کی طاقت کا اندازہ ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب بھر کے ہسپتالوں سے پیرا میڈیکل سٹاف کے قافلے لاہور سروسز ہسپتال پہنچے اور 2 ہزار سے زائد پیرا میڈیکل سٹاف ملازمین جمع ہونے کے بعد پنجاب پیرا میڈیکل الائنس محکمہ صحت حکومت پنجاب کے خلاف مارچ کرتے ہوئے 7 کلب وزیراعلیٰ ہاﺅس پر پہنچے جہاں پر انہوں نے محکمہ صحت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ تقریباً ڈیڑھ بجے کے قریب وزیراعلیٰ ہاﺅس کے سامنے دھرنے کا آغاز کرنے کے بعد اس موقع پر موجود پیرا میڈیکل الائنس کے چیئرمین ملک منیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے محکمہ صحت کو ہمارے مطالبات پر فوری عمل درآمد کرنے کا حکم دیا تھا مگر محکمہ صحت کی بے حسی کی انتہا ہے کہ دوپہر سے پیرا میڈیکل سٹاف وزیراعلیٰ ہاﺅس بیٹھا ہوا ہے اور کسی بیوروکریسی اور سیاسی نمائندے نے آ کر ہماری داد رسی نہیں کی۔ لہٰذا ہماری سپریم کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم بھی رات وزیراعلیٰ ہاﺅس کے باہر گزاریں گے پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے نمائندوں کو کہہ دیا گیا ہے کہ صبح سویرے ہمارے پاس وزیراعلیٰ ہاﺅس دوبارہ پہنچیں۔ اب جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جائیں گے ہم اپنے ہسپتالوں اور گھروں کو واپس نہیں لوٹیں گے۔