نارووال (آئی این پی) مسلم لیگ (ضیائ) کے مرکزی صدر اور سابق وفاقی وزیر اعجازالحق نے کہا ہے آئندہ انتخابات میں کامیابی کے لئے مسلم لیگ کا اتحاد ضروری ہے اور اس کے لئے وہ ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ وہ یہاں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے کراچی کے خراب حالات پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے پیدا کردہ ہیں اور وہی اس کی ذمہ دار ہیں اس حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں ملک میں مہنگائی، دہشت گردی، معاشی بدحالی اور لاقانونیت کو فروغ دیا ہے۔ اعجازالحق نے عام انتخابات میںمسلم لیگ (نواز) کے ساتھ اتحاد کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ملک بچانے کے لئے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگی دھڑوں کا اتحاد ناگزیر اور وقت کی ضرورت ہے اور وہ اس کے لئے ہرطرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں تاکہ متحد ہو کر پیپلز پارٹی کو شکست دے کر ملکی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔