پشاور (نوائے وقت نیوز) پرویز مشرف پر حملے میں ملوث قیدی کی درخواست کی پشاور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ پرویز مشرف حملے کیس کے قیدی فریاد کو ہری پور جیل میں رکھا گیا ہے۔ عدالتی بنچ نے کہا کہ کس قانون کے تحت مشرف حملہ کیس کے قیدی کو ہری پور جیل میں رکھا گیا ہے۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ دوست محمد خان نے ریمارکس دیئے فاٹا اور دیگر صوبوں سے قیدیوں کو خیبر پی کے کی جیلوں میں لے کر آتے ہیں۔ بنوں جیل سے پرویز مشرف حملے میں ملوث قیدی فرار ہوا، بڑی بڑی بلائیں یہاں لے آتے ہیں، جن کو پھر رکھ نہیں سکتے۔ چیف جسٹس نے قیدی کو ہری پور جیل میں منتقل کرنے پر سیکرٹری داخلہ سے وضاحت طلب کر لی۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ آئندہ پیشی پر تمام ریکارڈ پیش کیا جائے۔