دہشت گردی کی بیماری ہم پر مسلط کی گئی چھٹکارا پا کر دم لینگے : نوازشریف

دہشت گردی کی بیماری ہم پر مسلط کی گئی چھٹکارا پا کر دم لینگے : نوازشریف

Dec 20, 2013

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا مرض ہمارے معاشرے پر مسلط کیا گیا ہے اس سے چھٹکارا پاکر دم لیں گے، اس مسئلے پر قابو پا کر ہی دیگر مسائل سے بھی نجات حاصل کی جا سکتی ہے، پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان مسلم ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات اور باہمی تجارت میں دوگنا اضافے کا خواہشمند ہے، ملک سے پولیو کے خاتمے کےلئے بل گیٹس فاﺅنڈیشن کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائےگا ¾ پولیو ورکرز کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائےگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران اور ترکی کے وزرائے خارجہ اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کے وفد سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی تجارتی حجم دگنا کرنے اور ترک تاجروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کےلئے مضبوط جمہوریت، فعال عدلیہ اور متحرک میڈیا موجود ہے۔ ترک وزیر خارجہ احمد داﺅد اوگلو سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے دونوں ملکوں کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ احمد داﺅد اوگلو نے کہا کہ پاکستان مستقبل کی ابھرتی ہوئی معاشی قوت ہے، اس کی معیشت اور مضبوط جمہوریت درست سمت کی طرف گامزن ہے ترکی اقتصادی خوشحالی کےلئے پاکستان کے ساتھ ہے، ہم برادر اسلامی ملک کو عالمی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔ ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم دیکھنے کے خواہشمند ہیں اور اس ضمن میں وہ ایک بڑے تجارتی وفد کے ساتھ جلد پاکستان کا دورہ کرینگے۔ ترک وزیر خارجہ نے پنجاب حکومت کی اقتصادی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میاں شہباز شریف نے گذشتہ 5 برسوں میں اقتصادی شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، اقتصادی خوشحالی کےلئے ہم پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف سے ڈی ایٹ کانفرنس میں شرکت کےلئے آنے والے ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ بروقت مکمل کرنے کا خواہشمند ہے، یہ منصوبہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہم اس لعنت کا مکمل خاتمہ کر کے دم لینگے۔ ایران پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور دونوں ملکوں کی دوستی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے ہم باہمی تعاون کو فروغ دے کر دوستی کے اس رشتے کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ ڈی ایٹ ممالک کے اجلاس میں ایران کی شرکت فورم پر مشترکہ اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کی عکاس ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ پاکستان کی قیادت علاقائی امن اور خوشحالی کے لئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم نوازشریف خطے میں امن کے قیام کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ جواد ظریف کی وزیراعظم نوازشریف کو ایرانی صدر کی طرف سے دورہ ایران کی بھی دعوت دی، وزیراعظم نے ایرانی صدر کی دعوت قبول کر لی۔ نوازشریف کے دورہ ایران سے تعلقات میں گرم جوشی پیدا ہو گی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے تمام اقدامات کی حمایت کرے گا۔ وزیراعظم نوازشریف سے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کے صدر کرس ایلس کی قیادت میں تنظیم کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر نوازشریف نے کہا کہ پاکستان حفاظتی ٹیکوں اور بچوں کی شرح اموات میں کمی لانے کےلئے تنظیم کے تجربات سے استفادہ کر رہا ہے، پولیو کے خاتمے میں بل گیٹس فاﺅنڈیشن کی خدمات پر پاکستان کے عوام تنظیم کے شکرگزار ہیں، پاکستان اور دنیا بھر سے پولیو کے خاتمے کےلئے ہم گیٹس فاﺅنڈیشن کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔ ترک وزیر خارجہ احمد دا¶د اوگلو سے ملاقات میں وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اپنی انتھک محنت سے صوبے کے عوام کو خوشحال اور ملک کی دیگر اکائیوں کے لئے قابل تقلید بنایا ہے وہ چاہتے ہیں کہ ملک کے دیگر حصے بھی پنجاب کی طرح خوشحال ہو جائیں۔ شہباز شریف نے گذشتہ 5 برسوں کے دوران پنجاب کو خوشحال بنایا، وہ اسی طرح کی ترقی اور خوشحالی پاکستان بھر میں چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ترک حکومت اور سرمایہ کاروں کی جانب سے معاشی میدان میں پاکستان کی مدد قابل تحسین ہے، پاکستان اور ترکی کی ترقی اور عالمی امور پر ایک جیسی سوچ اور م¶قف ہے، ترکی کے ساتھ تجارت کو دوگنا کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، حکومت ملک میں ترکی کے کاروباری افراد کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرےگی۔ ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا میں پاکستان ایک ابھرتی ہوئی اقتصادی قوت ہے، جمہوریت اور معیشت درست سمت کی طرف بڑھ رہی ہے، ترکی معاشی ترقی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔دریں اثناءصدر ممنون حسین نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کار میں موجودہ مثبت رفتار کار اور دوستانہ روابط کو دونوں ملکوں کے عوام کے باہمی مفاد میں تعاون کے تمام شعبوں میں جامع سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات ترک وزیر خارجہ پروفیسر ڈاکٹر احمد داﺅد اوگلو سے جمعرات کو ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو مزید فروغ اور تقویت دینے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم

مزیدخبریں