اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + اے این این) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کی سماعت کیلئے خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف دائر انٹراکورٹ اپیل مسترد کر دی، عدالت نے واضح کیا جس شخص کا ٹرائل ہونا ہے اسے خصوصی عدالت کی تشکیل پر کوئی اعتراض نہیں اور درخواست گذار متاثرہ شخص نہیں۔ ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انور کاسی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ عدالت نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات اور سنگل بنچ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا درخواست گذار متاثرہ شخص نہیں اور نہ ہی اس کے بنیادی حقوق متاثر ہوئے ہیں جس شخص کا ٹرائل ہونا ہے اس نے خصوصی عدالت کی تشکیل پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ قبل ازیں سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ کچھ وقت کیلئے محفوظ کیا جو بعد میں سنایا گیا۔ سماعت کے بعد درخواست گذار ریاض حنیف راہی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو اب سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
مشرف غداری کیس
مشرف غداری کیس : اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی عدالت کی تشکیل کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل مسترد کر دی
مشرف غداری کیس : اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی عدالت کی تشکیل کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل مسترد کر دی
Dec 20, 2013