بھارت میں پاکستان کی ہاکی ٹیم کے بعد کبڈی ٹیم نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی کپ کبڈی کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ خواتین کی ٹیم سیمی فائنل ہار گئی لیکن لڑکیوں کی ٹیم نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستانی مینز ٹیم نے کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ خواتین کے مقابلوں میں پاکستان ٹیم میزبان بھارت کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست سے دوچار ہو گئی۔ بھارتی شہر جالندھر میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ کے مینز سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ایران سے ہوا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ میں دلچسپ جوڑ توڑ دیکھنے کو ملے، قومی کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کے خلاف خوب زور آزمائی کی اور شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایران کو شکست دی۔ قومی ٹیم کی فتح کا شکور 56/28 رہا۔ ٹیم کے کپتان شفیق چشتی نے فتح کو سیمی فائنل کی جیت کو شہدائے پشاور کے نام کر دیا۔ کبڈی ورلڈ کپ کے خواتین سیمی فائنل میں پاکستانی ویمن ٹیم کو روایتی حریف بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی ٹیم ابتدا سے ہی میچ میں چھائی رہی اور یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستانی ٹیم 47-19 کے واضح سکور سے ہرا کر میگاایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔ ویمن ورلڈ کبڈی کپ میں پاکستانی خواتین ٹیم کانسی کے تمغے کے لئے ڈنمارک کے خلاف پنجہ آزمائی کرے گی۔ پاکستان مینز ٹیم نے ٹورنامنٹ میں کینیڈا کو 35کے مقابلے میں 45 سکور سے شکست دی۔ اس میچ میں پاکستان ٹیم کی جانب سے کپتان شفیق حشمی، اکمل شہزاد ڈوگر، مشرف جاوید جنجوعہ ، عرفان مانا اور علی شان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح دلائی پاکستانی کھلاڑیوں کے بہترین کھیل پر شائقین نے انہیں بھرپور داد دی۔ ایک اور میچ میں پاکستان ٹیم نے ارجنٹینا کو 20 کے مقابلے میں 45 پوائنٹس کے واضح مارجن سے شکست دی۔ اس میچ کے دوران سانحہ پشاور کی وجہ سے میچ سے پہلے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور پاکستانی پلیئرز نے بازو پر کالی پٹیاںباندھ کر میچ کھیلا، پاکستانی کھلاڑی میچ کے ابتداء سے ہی اپنے حریف پر حاوی ہو گئے پاکستان کے سٹاپرز نے ارجنٹینا کے ریڈرز کو صحیح معنوں میں بے بس کئے رکھا، پاکستان ریڈرز بھی مخالف ٹیم پر چھائے رہے اور بآسانی اپنی ٹیم کے لئے پوائنٹس حاصل کرتے رہے۔ مردوں کی ٹیم نے ڈنمارک کو 69-24 سے مات دی۔ پاکستان کی مردوں کی کبڈی ٹیم نے انگلینڈ کو 58-31 سے شکست دے دی۔ پاکستان کی طرف سے محمد خان ، رحمان اشتیاق خلیل ، مرف جاوید، محمد رمضان عرف جانی سنیارا اور علی شان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے سویڈن کو 50-21 سے شکست دی۔ پاکستان کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویڈن کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور فتح حاصل کر لی۔ بھارت کے شہر جلال آباد میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے سویڈن کو میچ کے دوران اپنے قابو میں رکھا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین ریڈ اور سٹاپ کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی پاکستان نے سویڈن کو 50-21 شکست دے دی۔
پاکستان میں خواتین کبڈی کا اتنا زیادہ رجحان نہیں ہے اس کے باوجود سپورٹس بورڈ پنجاب کی کوششوں سے صوبے میں ویمن کبڈی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ سپورٹس بورڈ کی کاوشوں کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ پاکستان ویمن ٹیم بھارت میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک پہنچی ہے۔ پاکستان ویمن ٹیم نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45-20 سے میکسیکو کیخلاف کامیابی حاصل کی، کپتان مدیحہ لطیف، سائرہ بانو اور نیلم ریاض نے بہترین کھیل پیش کیا اور اپنی ٹیم کیلئے انتہائی اہم پوائنٹس حاصل کئے خواتین نے اپنے دوسرے میچ میں بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 39-37 سے شکست دے دی ٹیم انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ قومی ٹیم کی ریڈر سحرس نے پاکستان کو فتح دلائی۔
سپورٹس بورڈ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عثمان انور کا کہنا ہے کہ عالمی کپ کبڈی میں پاکستان کی دونوں ٹیموں نیبہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ میں اپنی ٹیموں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ امید ہے کہ فیز ایونٹ میں ہمارے کھلاڑی فائنل جیت جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ عالمی کپ میں فتح کی خوشخبری کی امید ہے۔ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچنگ سٹاف بھی مبارکباد کا مستحق ہے۔ کوچنگ سٹاف نے تربیتی کیمپ میں بھی کھلاڑیوں پر بہت محنت کی تھی۔ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور خامیوں کو دور کرنے کے لئے سب نے مل کر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی ہمارا روایتی کھیل ہے۔ اس کے فروغ کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں صوبے کے نوجوانوں سمیت ہر عمر کے کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے کی جامع منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔