پنجاب بھر میں دھند کی شدید لہر، پروازیں، ٹرینیں تاخیر کا شکار، حادثہ میں ریسکیو اہلکار جاں بحق

Dec 20, 2014

اسلام آباد / کسوال / فیصل آباد (خصوصی رپورٹ + نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق، 5 زخمی ہو گئے جبکہ پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث لاہور اور اسلام آباد ائرپورٹ پر کئی پروازیں اور ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ تفصیل کے مطابق کسوال کے اقبال نگر اڈا کے نواحی گاﺅں 9/14-L کے قریب شدید دھند کے باعث کراچی سے لاہور جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کی زد میںآ کر ریسکیو 1122 کا اہلکار 34 سالہ عبدالقیوم جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے اہلکار کی شادی تین ماہ قبل ہوئی تھی۔ ریسکیو 1122 نے نعش کو تحصیل ہسپتال پہنچا دیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چناب چوک راجباہ روڈ پر دو موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 22 سالہ محمود، اختر علی اور قمرالزمان زخمی ہو گئے۔ راجہ چوک غلام محمد آباد سائیکل اور رکشہ میں تصادم کے نتیجے میں صغراں بی بی زخمی ہو گئی۔ ستیانہ روڈ پر سڑک کراس کرتے ہوئے 58 سالہ عبدالغفار کو رکشہ نے ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں شدید دھند جبکہ سرگودھا، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، ڈی آئی خان اور سکھر ڈویژن میں دھند پڑنے کی پیشگوئی کی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی دھند میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث ٹریفک سمیت پروازوں کے شیڈول اور ٹرینوں کی آمدو رفت بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت گردونواح میں رات گئے شدید دھند پڑنے سے بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکارہوگئیں۔ لاہور علامہ اقبال انٹرنینشل ائرپورٹ پر فلائیٹ آپریشن معطل رہا جس کے باعث 30 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
دھند

مزیدخبریں