ساہیوال میں 2 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی، وہاڑی میں ایک کی موخر

Dec 20, 2015

ساہیوال (نامہ نگار+ آن لائن+ نمائندہ خصوصی) ساہیوال میں قتل کے 2 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی۔ راضی نامہ ہونے پر وہاڑی میں ایک مجرم کی پھانسی پر عملدرآمد روک دیا گیا۔ ہائیکورٹ نے سزائے موت کے قیدی کو بری کردیا۔ تفصیل کے مطابق سینٹرل جیل ساہیوال میں سزائے موت کے دو قیدیوں ظہور احمد اور مخدوم گجر کو پھانسی دیدی گئی۔ ظہور احمد نے 3 جولائی 2002ء کو محمد نگر عارفوالا میں لڑکی کے تنازعہ پر محمد امین کو قتل کر دیا تھا۔ وہاڑی کی ڈسٹرکٹ جیل میں قتل کے مجرم صفدر کی پھانسی راضی نامہ کے بعد روکدی گئی۔ مجرم صفدر 1996ء میں معمولی تنازعے پر اعجاز کو قتل کردیا تھا۔ دوسری طرف سزائے موت کے قیدی کو عدالت عالیہ نے بری کرنے کا حکم سنا دیا۔ تھانہ کھرڑیانوالہ میں درج مقدمہ ملوث ملزم طارق محمود سکنہ 195ر۔ب نے 8سال قبل نسیم کوثر کو قتل کردیا تھا جس پر اس وقت کے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج جڑانوالہ رانا آفتاب احمد خاں نے ملزم کو موت کی سزا سنائی تھی جس پر ملزم کے وکیل نے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کر رکھی تھی۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے فاضل جج مسٹر جسٹس محمد طارق عباس اور مسٹر جسٹس سردار احمد نعیم نے کیس کی سماعت کے دوران ملزم کو بری کرنے کا حکم سنا دیا ہے۔

مزیدخبریں