مکرمی! حضرت بہاو¿الدین زکریا کے نام سے منسوب ملتان یونیورسٹی میں ویسے تو بدنظمی ہر دور میں رہی لیکن معاملات کا بگاڑ اسوقت اپنے عروج پر پہنچ گیا جب سابق گورنر پنجاب نے شہباز شریف کی سفارشات کے برعکس اپنے منظور نظر وائس چانسلر کو تعینات کر دیا۔ کیس کئی ماہ تک چلا اور آخر کار ڈاکٹر علقمہ بہاو¿الدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر تعینات ہوئے۔ اس دوران یونیورسٹی کا ہر شعبہ زوال پذیر تھا۔ امتحانات کے انعقاد میں ایک سے ڈیڑھ سال کی تاخیر معمولی بات تھی۔ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں ہونے والی سرعام کرپشن سے بہت سے پروفیسر حضرات نالاں نظر آئے۔ حال ہی میں ڈاکٹر علقمہ اور رجسٹرار دونوں حضرات عدالتی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں۔ نئے وائس چانسلر بھی منظرعام سے غائب ہیں اور بہت سے معاملات پر فیصلہ کرنے سے قاصر ہیں۔ ہاتھیوں کی اس لڑائی میں سب سے زیادہ نقصان بیچارے طلبا و طالبات کا ہو رہا ہے جو اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں۔ یونیورسٹی کے فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے پوسٹ گریجوایشن کے طلباو طالبات کی کلاسیں امسال مارچ میں شروع ہوئیں۔ سال ختم ہونے کو ہے لیکن ابھی پہلے سمیسٹر کے امتحانات کا دور دور تک نام و نشان نہیں۔ وزیراعلی پنجاب سے گزارش ہے کہ ذاتی دلچسپی لے کر یونیورسٹی کے معاملات کو ٹھیک کریں اور اس معروف ادارے کو تباہ ہونے سے بچایا جائے۔ (ارشد فاروق بٹ، چیچہ وطنی)