روس سے جدید ترین 4 ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر اگلے سال مل جائینگے:رانا تنویر

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاق وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ روس سے چار جدید ترین ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر 2017 میں پاکستان کو مل جائیں گے ۔ 100 سپر مشاق طیاروں کی برآمد کے لیے کئی ممالک سے معاہدے ہو چکے ہیں۔ رانا تنویر نے کہا کہ پاکستان نے چار ایم آئی 35 ہیلی کاپٹرز کے لیے 153 ملین ڈالر روس کو ادا کر دئیے ہیں۔ مالدیپ اور آذربائیجان بھی سپر مشاق خریدنے کے لیے تیارہیں، 100 سپر مشاق طیاروں کی برآمد کے لیے بھی کئی ممالک سے معاہدے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ 2017میں جے ایف 17 تھنڈر کی فروخت کے حوالے سے اہم پیشرفت متوقع ہے۔ پی او ایف کی پیداوار ی صلاحیت 25 ملین ڈالر سے بڑھ کر سوملین ڈالر ہو چکی ہے کراچی شپ یارڈ میں بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ دریں اثنا دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہاہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعاون سے خطے میں امن اورسلامتی کے قیام میں مددملے گی۔ ریڈیو پاکستان کے حالات حاضرہ چینل سے گفتگو میں انہوں نے توقع ظاہر کی کہ روس سے فوجی ہیلی کاپٹروں کی خریداری کا معاہدہ جلد طے پاجائے گا۔ روس اور پاکستان دونوں کو افغانستان میں سلامتی کی صورتحال پر انتہائی تشویش ہے وہ اس مسئلے کے حل کیلئے ملکر کام کرنے پرمتفق ہیں۔ بھارت افغانستان میں عدم استحکام پیدا کرناچاہتا ہے تاکہ خطے میں خصوصا پاکستان کے حوالے سے اپنی برتری قائم کرسکے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ عوام پراپنی فوج کے مظالم کاسلسلہ بند کرے۔ چھ ہزار سے زیادہ افراد پیلٹ گن گولیوں سے متاثر ہوئے ہیں عالمی برادری کو انسانیت کے خلاف اس جرم کانوٹس لینا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن