لاہور(وقائع نگار خصوصی) وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ متنازعہ خبر کی تحقیقات کرنے والے کمشن کی میعاد میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔ فاضل چیف جسٹس کے استفسار پر وفاقی حکومت کی وکیل نے بتایا کہ سیکرٹ ایکٹ کے تحت کمشن کی رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی جاسکتی کیونکہ یہ حساس معاملہ ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ معاملہ حساس ہے تو رپورٹ کا ان کیمرہ جائزہ لے لیں گے لیکن رپورٹ ریکارڈ پر لازمی لائی جائے۔ عدالت نے رپورٹ پیش کرنے کیلئے دس جنوری تک مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ درخواست گزار کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ کمشن غیر جانبدار افراد پر مشتمل نہیں ہے اس لیے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔ اعلیٰ عدلیہ کے موجودہ جج کی سربراہی میں کمشن تشکیل دیا جائے۔