گینز ریکارڈ ہولڈر امریکی سیاح کیسنڈرا ڈی پیکول نے پاکستان کو دنیا کا سب سے خوبصورت ملک قرار دیدیا

کراچی (سٹاف رپورٹر) 190 ملکوں کا سفر کرکے گنیز بک آف ریکارڈ میں نام کمانے والی امریکی خاتون نے پاکستان کو دنیا کا سب سے خوبصورت ملک قرار دے دیا۔ امریکی سیاح کیسنڈرا ڈی پیکول سیاحت کی شوقین 190 ملک گھومتی گھماتی پاکستان پہنچی تو حیران رہ گئیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ رکشے کا سفر ہو، یا یہاں رہنے والے، پاکستان ہیرا ہے اور یہاں دل والے بستے ہیں۔ پاکستان خود آئی تو خدشات دور ہوگئے، دنیا گھوم لی لیکن پاکستان جیسا ملک کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا پاکستان آنے سے پہلے میں نے اس ملک کے بارے میں بہت کچھ پڑھا اور تحقیق کی لیکن جو کچھ میڈیا دکھاتا ہے پاکستان اس کے بالکل برعکس ہے۔ کیسنڈرا نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان کی شمالی علاقہ جات اور چھوٹے شہروں اور قصبوں کو دیکھنا چاہتی ہیں لیکن اس بار یہ ممکن نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہاکہ وہ بہت جلد پاکستان دوبارہ آئیں گی اور اپنی یہ تمنا پوری کریں گی۔ کیسنڈرا ڈی پیکول پاکستان کی سیاحت کیلئے کراچی پہنچی، جہاں انہوں نے میئر وسیم اختر سے ملاقات کی۔خیال رہے 27 سالہ امریکی خاتون کیسنڈرا نے گزشتہ سال جولائی میں سفر کا آغاز کیا، دنیا گھومنے کے بعد تین ملکوں نے زیادہ متاثر کیا ان میں پاکستان، اومان اور بھوٹان سرفہرست ہیں۔

ای پیپر دی نیشن