اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کی بحری اور فضائی افواج نے گزشتہ روز شمالی بحیرہ عرب میں میزائل داغنے کی مشترکہ مشقیں کیں۔ امیرالبحر ایڈمرل محمد ذکا اللہ اور فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس اصلت پر یہ مشقیں ملاحظہ کیں۔ مشقوں کے دوران ’’دشمن‘‘ کے بحری اہداف پر میزائل فائر کئے گئے جنہوں نے عمدگی سے اہداف کو نشانہ بنایا۔ شمالی بحریہ عرب پاکستان کے بحری دفاع و تجارت کیلئے انتہائی اہم ہے لیکن اب پاک چین معاشی راہداری کی سمندری گزرگاہ بھی یہی آبی راستہ ہے جس کے باعث اس سمندری علاقہ کی اہمیت پاکستان اور چین دونوں کیلئے کئی گنا بڑھ گئی ہے۔