اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت نے 5 اہم ترین ریگولیٹرز کو وزارتوں کے ماتحت کردیاہے۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریگولیٹرز کو کابینہ ڈویژن کی بجائے وزارتوں کے ماتحت کیا گیا ہے۔ نیپرا، اوگرا، پی ٹی اے، پیپرا اور فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ کو متعلقہ وزارت کے حوالے کردیا گیا ہے۔ اوگرا کو وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل، نیپرا کو وزارت پانی و بجلی، پیپرا کو وزارت خزانہ، فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ اور پی ٹی اے کو وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام کے ماتحت کردیا گیا ہے۔ رولز آف بزنس 1973ء میں تبدیلی کردی گئی ہے۔ نیپرا کے تحت ہونے سے بجلی کے نرخ متعین کرنے کا اختیار وزارت پانی و بجلی کے پاس چلا گیا۔