ڈاکٹر عاصم کی طبیعت بگڑ گئی، ہسپتال منتقل، میرے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ سب دیکھ رہے ہیں: گفتگو

کراچی (نیٹ نیوز+ آئی این پی) پیپلز پارٹی کراچی کے صدر ڈاکٹر عاصم کی طبیعت بگڑ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق انہیں جناح ہسپتال کے امراض قلب کے شعبے میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹرعاصم کو این آئی سی وی ڈی کے سی سی یو وارڈ میںمنتقل کردیا گیا ہے۔ این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر حمید کے مطابق ڈاکٹر عاصم کا طبی معائنہ ڈاکٹر زاہد جمال نے کیا۔ آئی این پی کے مطابق ڈاکٹر عاصم کو دل کا دورہ پڑا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنمائوں کو فون کرکے ڈاکٹر عاصم کی خیریت دریافت کی اور انہیں ڈاکٹر عاصم کے پاس پہنچنے کی ہدایت کی۔اس سے قبل کراچی احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم اور دیگر کے خلاف 462 ارب کرپشن اور جے جے وی ایل میں 17 ارب کرپشن کرنے سے متعلق نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے 462 ارب کرپشن کیس کی سماعت 20 دسمبر اور جے جے وی ایل ریفرنس کیس کی سماعت 24 دسمبر تک کے لئے ملتوی کر دی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے سب دیکھ رہے ہیں مجھے پیپلز پارٹی کی قیادت نے ذمہ داری دی ہے جسے میں پورا کروں گا۔ ڈاکٹر عاصم نے طنزیہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ انصاف کے تقاضے پورے کئے جا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن