سی پیک نے تیز رفتارترقی کی بنیاد رکھ دی کئی مما لک دلچسپی لے رہے ہیں:شہباز شریف

Dec 20, 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) نائب وزیر کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ سنٹر ل کمیٹی انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ زینگ شی سانگ نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے کام کرنے کی رفتار اور غیرمعمولی صلاحیتوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کا اعزاز اب ’’شہباز سپیڈ‘‘ میں بدل گیا ہے۔ مجھیپنجاب میں سی پیک کے منصوبوں کا اعلیٰ معیار اور رفتار دیکھ کر بے پناہ مسرت ہوئی ہے اور صوبے میں منصوبوں کو مثالی رفتار سے آگے بڑھانے کا کریڈٹ بلاشبہ شہباز شریف کو جاتا ہے۔شہباز شریف کے کام کرنے کی رفتار اور انتھک محنت کا اعتراف چین کی قیادت اور اداروں کے سربراہ بھی کرتے ہیں اور میں بھی ان کی محنت، کام سے لگن اور غیرمعمولی صلاحیتوں کا معترف ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ’’ پنجاب سپیڈ‘‘ دراصل’’ شہباز سپیڈ‘‘ ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جولائی2016ء میں چین کا دورہ کیا اورمیں ان کیساتھ ہر جگہ موجود رہا اور میںنے خود دیکھا کہ وہ بے پناہ محنت اور لگن کے ساتھ کام میں مگن رہتے اور میں وزیراعلیٰ کے دورہ چین کے دوران ان کے کام سے بہت متاثر ہوا میں اکثر کام کی زیادتی کے باعث میں تھک جاتا تھا لیکن شہبازشریف ہمیشہ کی طرح ہشاش بشاش رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چینی قوم کی محنت کی مثال دنیا میں دی جاتی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ شہبازشریف ہم سے بھی زیادہ محنتی اور انتھک ہیں اور وہ اپنی قوم کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ شہباز شریف نہ خود سوتے ہیں، نہ دوسروں کو سونے دیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف صرف نام کے ہی نہیں بلکہ کام کے بھی ’’شہباز‘‘ ہیں اور ان کی قیادت میں پنجاب بہت جلد ترقی یافتہ صوبہ بنے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ چین کی قیادت‘ حکومت اور اعلیٰ اداروں کے سربراہوںکی جانب سے پاکستان میں سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار‘ معیار اور شفافیت کی تعریف پوری پاکستانی قوم کیلئے اعزاز کی بات ہے اور پاکستان اور چین ترقی اورخوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چلتے رہیں گے۔ سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد سے پاکستان میں تیز رفتار ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ شہباز شریف سے سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان اور وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت بہترہوئی ہے اور تجارتی، معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ ساڑھے تین برس میں معاشی محاذ پر شاندار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور پاکستان روشنی، امید اور امن کے سفر کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ قومی معیشت کے استحکام اور ترقی سے عام آدمی کی زندگی میں خوشحالی لانے کے منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ انفراسٹرکچر کو مضبوط بنیادوںپر استوار کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری لانے کیساتھ تجارتی شعبے میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور نجی شعبے کو پرکشش مراعات دی جا رہی ہیں تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے اسلام آباد میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حید ر نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہاء کردی ہے لیکن بھارتی افواج کے ظلم و ستم بھی نہتے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو نہیں دبا سکے۔ بھارت نہتے کشمیریوں پر جتنا چاہے ظلم کر لے لیکن وہ ان سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا۔ عالمی برادری کو قابض بھارتی افواج کے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔ بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کو زیادہ دیر تک حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتے۔ وزیراعلیٰ وزیراعظم کے معاون خصوصی امور خارجہ طارق فاطمی کی رہائش گاہ بنی گالہ گئے اور ان کے داماد سید شان الحق کے انتقال پر ان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں