اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جانب سے تحریک عدل کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے۔ میاں صاحب کہیں پاکستان تحریک انصاف کے مقابلے میں نئی جماعت پاکستان تحریک عدل بنانے تو نہیں جا رہے ہیں ۔ موجودہ حالات میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ناگزیر ہے ۔ علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے معاملات پر مشترکہ اجلاس ہونا چاہیے ۔ پارلیمنٹ میں کوئی ٹکراؤ نہیں ہے ۔ حکومت اور اداروں میں ضرور ایسی صورتحال ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے اہم بین الاقوامی ایشوز چین امریکا کے حوالے سے بھی معاملات ہیں ۔ نئی نئی باتیں سامنے آ رہی ہیں انہوں نے یہ بات منگل کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ عسکری قیادت کی طرف سے پارلیمنٹ میں پہلے بھی بریفنگ ہو چکی ہے ۔ 2009-10 ء میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں عسکری قیادت موجود تھی ظاہر ہے کہ پارلیمنٹ بالا دست ہے تمام ادارے اس کے ماتحت ہیں ۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہش ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے اور انتخابات مقررہ وقت پر ہوں۔