اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ایشیائی ترقیاتی بنک اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی۔ جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ بینک کی خاتو ن ڈائریکٹر ژیونگ یانگ کاکہنا تھا پاکستان میں ادارہ جاتی اصلاحات سے بھی معیشت پر مثبت اثرات پڑے ہیں ۔انھوں نے کہا گزشتہ برسوں میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ پاکستان کی شرح نمو بڑھنے سے آمدن میں اضافہ ہوا۔ان کاکہنا تھا پاکستان نے ملک میں وافرمقدار میں بجلی پیدا کرکے توانائی بحران پر بھی قابو پایا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مختلف سکولوں سے متعلق رکھنے والے خصوصی بچوں نے ملاقات کی۔ طارق فضل چودھری بھی ملاقات میں موجود تھے۔ خصوصی بچے وزیراعظم کو اپنے درمیان پا کر بہت خوش ہوئے۔ ایک بچے نے نعت پیش کی۔ وزیراعظم نے بچوں کی تعلیم میں دلچسپی کو سراہا۔ بچوں نے خصوصی بچوں کو درپیش مسائل کے بارے میں سوالات کئے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت تمام ایشوز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے پاکستان میں لبنان کی سبکدوش ہونے والی سفیر مونا التانیر نے بھی وزیراعظم آفس میں الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور خوشگوار تعلقات کے مزید استحکام کیلئے سبکدوش ہونے والی سفیر کی خدمات اور کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو پولٹری کے شعبہ کی برآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھانے اور اس شعبہ سے متعلق ڈیوٹیز کے حوالہ سے مسائل کے حل کیلئے ایف بی آر، وزارت قومی غذائی تحفظ، تجارت اور پولٹری ایسوسی ایشن کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے دیں جس نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ مزید براں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ میں بیتھل میموریل میتھو ڈسٹ چرچ پر دہشت گردی کے حملہ کی پرزور مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 17 دسمبر کو کوئٹہ میں بیتھل میموریل میتھو ڈسٹ چرچ پر حملہ کے نتیجہ میں متعدد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔ وزیراعظم کی طرف سے متاثرین کیلئے اعلان کردہ امدادی پیکیج کے مطابق دہشت گردی کے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کیلئے 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کیلئے 5 لاکھ روپے اور زخمی افراد کیلئے 3 لاکھ روپے کے زرتلافی کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ امدادی پیکیج صوبائی حکومت کی طرف سے متاثرین کو دی جانے والی امداد کے علاوہ ہو گا۔