لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس پاکستان نے ملتان جوڈیشل کمپلیکس کی منتقلی پر بار اور بنچ کا ڈیڈ لاک ختم کرنے کیلئے ملتان کا دور کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ جسٹس ثاقب نثار سے ملتان کی ماتحت عدالتوں کی نئے جوڈیشل کمپلیکس میں منتقلی پر جاری ڈیڈ لاک ختم کرنے کیلئے وکلاء رہنماء حامد خان ایڈووکیٹ کی سربراہی میں وکلاء کے وفد نے ملاقات کی۔ وکلاء وفد نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیف جسٹس پاکستان کو ملتان ماتحت عدالتوں میں وکلاء کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا ہے اور بتایا کہ چیف جسٹس پاکستان کو یہ بھی بتایا ہے کہ ملتان کی عدالتیں نئے جوڈیشل کمپلیکس میں منتقل کرنے سے وکلاء کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے اسلئے ملتان کی ماتحت عدالتیں پرانی بلڈنگ میں منتقل کی جائیں جس پر چیف جسٹس نے وفد کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس میں سہولیات میسر نہ ہوئیں تو کچہری کو واپس منتقل کردیا جائیگا۔