کراچی (اسپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے تحت پاکستان کے حسن علی عالمی نمبر ایک بالر اور محمد حفیظ ورلڈ نمبر ون آل راؤنڈر کے عہدے پر براجمان ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جانب سے جاری نئی ون ڈے رینکنگ میں ٹیموں رینکنگ میں تو کوئی تبدیلی نہیں آئی لیکن کھلاڑیوں کی رینکنگ میں چند اہم تبدیلیاں آئی ہیں۔سری لنکا کے خلاف شاندار ڈبل سنچری بنانے والے بھارت کے قائم مقام کپتان روہت شرما عمدہ کارکردگی کی بدولت کیریئر میں پہلی مرتبہ 800پوائنٹس کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہے اور دو درجہ ترقی پا کر پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں اور اس کے نتیجے میں کوئنٹن ڈی کوک اور جو روٹ ایک ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے اور ساتویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ابتدائی دس بلے بازوں کی رینکنگ میں مزید کوئی تبدیلی نہیں آئی جس کے تحت ویرات کوہلی پہلے، اے بی ڈی ویلیئرز، ڈیوڈ وارنر تیسرے، بابر اعظم چوتھے، روہت پانچویں، ڈی کوک چھٹے، جو روٹ ساتویں، فاف ڈیو پلیسی آٹھویں، ہاشم آملا نویں اور کین ولیمسن دسویں نمبر پر موجود ہیں۔اس کے علاوہ سب سے زیادہ ترقی اپل تھارنگا نے حاصل کی جو بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں اچھی کارکردگی کی بدولت 15 درجے ترقی پا کر 36ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔باؤلرز کی رینکنگ میں ابتدائی ساتویں پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور پاکستان کے حسن علی عالمی نمبر ایک باؤلر کے منصب پر براجمان ہیں جبکہ عمران طاہر دوسرے، جسپریت بمرا دوسرے، جوز ہیزل وْڈ چوتھے، کگیسو ربادا پانچویں، ،چل اسٹارک چھٹے، ٹرینٹ بولٹ ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔افغانستان کے راشد خان ایک درجہ ترقی کے عبد آٹھویں جبکہ سنیل نارائن اور لیام پلنکٹ ایک ایک درجہ ترقی کے ساتھ مشترکہ طور پر نویں نمبر پر موجود ہیں۔باؤلرز میں سب سے نمایاں ترقی سری لنکا کے سورنگا لکمل اور یزویندر چاہل نے حاصل کی جہاں سری لنکن فاسٹ باؤلر 14 درجے ترقی کے بعد 22ویں اور بھارتی اسپنر 23 درجے ترقی کے ساتھ 28ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں محمد حفیظ کی پہلی اور شکیب الحسن کی دوسری پوزیشن برقرار ہے جبکہ سری لنکا کے سابق کپتان اینجلو میتھیوز دو درجہ ترقی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ٹیموں کی رینکنگ میں کوئی بھی تبدیلی نہیں آئی لیکن سیریز جیتنے باوجود بھارتی ٹیم کو ایک پوائنٹ گنوانا پڑا جبکہ سری لنکا کو بھارت کے ہاتھوں 2-1 سے سیریز گنوانے پر ایک پوائنٹ سے بھی محروم ہونا پڑا۔ٹیموں کی رینکنگ میں جنوبی افریقہ بدستور پہلے، بھارت دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں، افغانستان دسویں، زمبابوے 11ویں اور آئرلینڈ 12ویں نمبر پر موجود ہے۔
ون ڈے رینکنگ ، حسن علی کی نمبرون پوزیشن برقرار
Dec 20, 2017