پاکستان نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر کئے جانے والے میزائل حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی خطرے کی صورت میں پاکستان سعودی عرب سے مکمل تعاون کرے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد افضل نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی دارالحکومت ریاض پر میزائل حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا سعودی عرب کی سربراہی میں عسکری اتحاد نے میزائل فضاءمیں تباہ کیا ۔ خدا کا شکر ہے بغیر کسی نقصان کے میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا دو ماہ کے دوران یمن سے سعودی عرب پر تیسرا حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا حوثی باغیوں کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ‘ علاقائی امن کے لئے خطرہ ہے۔ پاکستان حوثی باغیوں کے حملے کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان یمن کے مسئلے کے سیاسی حل پر یقین رکھتا ہے۔ یمن کے بحران کا سیاسی حل ہی خطے میں امن کا ضامن ہے پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے لئے سعودی عرب کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کسی بھی خطرے کی صورت میں پاکستان سعودی عرب سے مکمل تعاون کرے گا۔