اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+نا مہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے پارٹی قیادت اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ کارکنوں نے کیس میں ہر پیشی پر یکجہتی کا اظہار کیا۔ دعا¶ں پر دل کی گہرائی سے قوم کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، قوم کی دعائیں ہر قدم پر میرے ساتھ رہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ آج میری 78 ویں پیشی تھی جبکہ اس سے پہلے والے کیس میں 87 پیشیاں ہم بھگت چکے تھے۔ 35 سال عوام کی خدمت کی، 2 مرتبہ وزیراعلیٰ پنجاب اور 3 بار وزیراعظم پاکستان رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی خدمت کی اور اس پر خوشی ہے۔ جب سے سیاست میں قدم رکھا ہے کرپشن کے قریب سے بھی نہیں گزرا۔ کبھی اختیارات کا غلط استعمال نہیں کیا۔ ملک اور عوام کی خدمت سچے جذبے کے ساتھ کی، پاکستان سے دہشت گردی اور مہنگائی کا خاتمہ کیا، معیشت کا پہیہ دوبارہ چلایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کی دنیا تعریف کرتی تھی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، ہر میدان میں دنیا ہماری کارکردگی دیکھ چکی ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ مفروضوں اور قیاس آرائیوں پر ساری کارروائی ہو رہی ہے، اللہ دیکھ رہا ہے، کوئی آج تک کرپشن یا کک بیک کی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ وزیراعظم پاکستان رہنے والے کے ساتھ جو سلوک ہور ہا ہے اس پر دکھ ہے۔ میری خدمت کا یہ صلہ ہے؟ انہوں نے کہا کبھی کرپشن نہیں کی۔ اپنا فیصلہ عدالت پر چھوڑ دیا ہے۔
نواز شریف ریفرنسز