نوازشریف آج پارٹی اجلاس کی صدارت، شہباز سے ملاقات کرینگے، اپوزیشن لیڈر کے طبی معائنے کی سفارش، زاہد حامد قانونی مشیر مقرر

Dec 20, 2018

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کا ایک اور مشاورتی اجلاس آج 11 بجے دن قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے چیمبر میں میاں نواز شریف کی زیرصدارت ہو گا جس میں تنظیم سازی کے بارے میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انصاف کا بول بالا ہو، انصاف سے یہ ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔وہ بدھ کو صحافےوں سے غیر رسمی گفتگو کررہے تھے۔ جب ان سے العزیزیہ فلیگ شپ کا فیصلہ محفوظ ہونے کے بارے مےں پوچھا گےا تو اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انصاف کا بول بالا ہو، انصاف سے یہ ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔ دریں اثناءاپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو کل جمعہ کی شام بذریعہ ہوائی جہاز اسلام آباد سے لاہور لایا جائے گا جیل حکام شہباز شریف کو لاہور لائیں گے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف آج قومی اسمبلی کے کمیٹی روم میں نواز شریف سے ملاقات کریں گے شہباز شریف کے لاہور پہنچنے پر احتساب عدالت سے آشیانہ سکینڈل کیس کی سماعت کی تاریخ لی جائے گی۔ شہباز شریف لاہور آکر میڈیکل بورڈ سے اپنا طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔ دریں اثنا مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے کے رہنماﺅں نے شہباز شریف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ شہباز شریف نے سابق وزیر قانون زاہد حامد کو اپنا قانونی مشیر مقرر کر دیا ہے۔ زاہد حامد قائد حزب اختلاف کو مختلف قانونی امور پر مشاورت فراہم کریں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کا طبی معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ نے نیب کو بلاتاخیر مسلم لیگ ن کے صدر کے مزید طبی معائنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ شہباز شریف کو بھی بھجوا دی ہے۔
مشاورتی اجلاس

مزیدخبریں