پان کے پتوں پر ڈیوٹی کیس: صرف 4 گواہ پیش کرنے پر سپریم کورٹ برہم

اسلام آباد(اے این این ) سپریم کورٹ نے پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بدھ کے روز پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق سماعت ہوئی جس میں عدالت عالیہ نے ایک ہی نوعیت کے تمام کیسز کو یکجا کرکے سننے کا فیصلہ کیا۔عدالت نے نیب کے وکیل سے سوال کیا کہ پان کی امپورٹ پر کسٹم ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر کتنا نقصان ہوا؟ جس پر نیب وکیل نے جواب دیا کہ مجموعی طور پر ایسے کیسوں کی تعداد 56 ہے، کسی کیس میں 5 اور کسی میں 60 لاکھ کا نقصان ہوا۔سپریم کورٹ کے جج جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ کیا کسٹم حکام نے ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر کارروائی کی؟ نیب وکیل نے بتایا کہ کسٹم حکام نے پرچہ درج کیا تھا تاہم کارروائی نہیں ہوئی۔جسٹس عظمت سعید نے دو برسوں سے جاری ریفرنس میں صرف 4 گواہ پیش ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلیے ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن