میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے‘ چیئرمین نیب

Dec 20, 2018

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب ) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگاکرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے،نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ نیب بدعنوانی کے خاتمہ کو نہ صرف اپنی قومی ذمہ داری سمجھتا ہے بلکہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان کے عزم کے ساتھ بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے انتہائی سنجیدہ کاوشیں کررہا ہے۔ بدھ کو قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ایک اجلاس نیب ہیڈکواٹرز میں منعقد ہوا جس میں نیب کے آپریشن ڈویژن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیب میں جاری شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز خصوصاً 179میگا کرپشن کے مقدمات پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر 179میگا کرپشن کے مقدمات میں سے 105مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے قانون کے مطابق بدعنوانی کے ریفرنس معزز احتساب عدالتوں میں جمع کروائے جا چکے ہیں جو کہ زیر سماعت ہیں۔ 15مقدمات انکوائری اور 19مقدمات انوسٹی گیشن کے مراحل میں ہیں جن پر قانون کے مطابق کاروائی جاری ہے۔ جبکہ 40مقدمات کو قانون کے مطابق نمٹا دیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ نیب بدعنوانی کے خاتمہ کو نہ صرف اپنی قومی ذمہ داری سمجھتا ہے بلکہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان کے عزم کے ساتھ بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے انتہائی سنجیدہ کاوشیں کر رہا ہے۔

مزیدخبریں