واشنگٹن ( آن لائن )ایک امریکی عہدے دار نے بتایا ہے کہ وزارت خارجہ نے کانگریس کو بھیجے گئے ایک نوٹیفکیشن میں ترکی کو پیٹریاٹ میزائل کا فضائی دفاعی سسٹم فروخت کرنے کے حوالے سے ممکنہ سمجھوتے سے آگاہ کر دیا ہے۔ عہدے دار کے مطابق اس سمجھوتے کی مالیت 3.5 ارب ڈالر ہے۔ امریکی وزارت خارجہ نے چند ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ ترکی کو پیٹریاٹ میزائلوں پر مشتمل دفاعی سسٹم کی فروخت کے حوالے سے ممکنہ سمجھوتے پر مذاکرات جاری ہیں۔ یہ سسٹم روس کے تیار کردہ S-400 دفاعی میزائل سسٹم کا متبادل ہو گا جس کو خریدنے پر ترکی نے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ روس سے S-400 دفاعی میزائل سسٹم خریدنے کے ارادے کے سبب ترکی کو نیٹو اتحاد میں انقرہ کے شراکت داروں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ترکی کا یہ اقدام امریکی کمپنی لوک ہیڈ مارٹن کے تیار کردہ F-35 جوائنٹ اسٹرائک لڑاکا طیاروں کی خریداری کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔