پاک بحریہ ہمسائیوں کے غلط ارادوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہے:صدر مملکت عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، پاک بحریہ ہمسائیوں کے غلط ارادوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، ہماری افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور کارنامے انجام دیئے ۔لاہور میں میری ٹائم سیکیورٹی پر منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان انسداد دہشت گردی میں کہیں زیادہ قابل اور تجربہ کار ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ ہر قسم کی تعمیر و تجارت میں سیکیورٹی سب سے اہم ہوتی ہے، ہماری افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور کارنامے انجام دیئے ۔انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے محدود وسائل کے باوجود دنیا کو پیغام دیا ہے کہ ہم اپنے پانیوں کی حفاظت کرسکتے ہیں، گوادر میں بھی ہمارے پانیوں کے ذریعے تجارت شروع ہو رہی ہے۔صدر علوی نے کہا کہ ہم نے بلوچستان کے ساحلوں سے در اندازوں کا داخلہ بند کر دیا ، پاک بحریہ مشقوں کے ذریعے ہمسایوں کے غلط ارادوں کے لیے ہمیشہ تیار رہے گی۔ا نہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کے انجینئرز بہت باصلاحیت ہیں،نیوی کی ضرورتیں پوری کرنے کے لیے مزید جہاز بنائے جائیں گے۔صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ ناقابل استعمال چھوٹی مچھلیوں کے شکار کے باعث مچھلیوں کی نسلیں معدوم ہو رہی ہیں، ماہی گیری میں حد سے زیادہ تجاوز کو روکنا ہوگا.

ای پیپر دی نیشن