لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعد المالکی نے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اورسعودی عرب ہر قسم کے حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط تعلق موجود ہے۔ پاکستان اورسعودی عرب کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہوتے ہیں۔ سعودی عرب نے ہمیشہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کی بھر پور حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے دور میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ سعودی عرب کے سفیر کہاکہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ سردار عثمان بزدار سے مشیربرائے اقتصادی امور و منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر سلمان شاہ نے ملاقات کی۔ بزنس پلان کے حوالے سے مرتب کردہ دستاویز پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب بزنس پلان کی دستاویز میںگہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہاکہ پنجاب بزنس پلان کی دستاویزصوبے کی معاشی ترقی اور کاروبار کے فروغ میں ممد ومعاون ثابت ہوگی۔ کاروبار میں ہر سطح پر آسانیاں پید ا کی جائیں گی ۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان کی سی ٹی سکین مشین خراب ہونے اور بروقت ٹھیک نہ کرانے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمانہ انکوائری کاحکم دیا ہے۔ عثمان بزدار نے فیصل آباد کے علاقے میں زیادتی کا نشانہ بننے والی طالبہ کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔