لبنان کے صدر میشیل عون نے سابق وزیرتعلیم حسان دیاب کو ملک کا نیا وزیراعظم کردیا ہے اور انھیں نئی حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق لبنان کے ایوان صدر نے بیروت میں ایک بیان میں کہا کہ صدر نے لازمی پارلیمانی مشاورت کے بعد حسان دیاب کو بلا بھیجا ہے اور انھیں وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت بنانے کی ذمے داری سونپی ہے۔لبنانی صدر میشیل عون نے سارا دن پارلیمان کے ایک سو اٹھائیس ارکان سے نئے وزیراعظم کی نامزدگی کے بارے میں مشاورت کی ہے اور ان سے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے بارے میں رائے طلب کی ہے۔ان سے قبل لبنان کے نگران وزیراعظم سعد الحریری نے آیندہ حکومت کا سربراہ بننے سے معذرت کر لی تھی اور وہ وزارتِ عظمیٰ کی امیدواری سے دستبردار ہوگئے تھے۔اس کے بعد حسان دیاب ہی واحد انتخاب رہ گئے تھے۔واضح رہے کہ لبنان میں فرقہ وار بنیاد پر مروج نظام حکومت کے تحت وزیراعظم کا منصب سنی مسلمانوں کے لیے مختص ہے۔ پارلیمان کا اسپیکر شیعہ ہوتا ہے اور صدر مسیحی اقلیت سے تعلق رکھتا ہے۔
لبنان کے سابق وزیرتعلیم حسان دیاب نئے وزیراعظم نامزد
Dec 20, 2019 | 11:46