بیجنگ (آئی این پی/شِنہوا) خطے میں چین کے طبی تبادلے اور تعاون میں اضافہ کے باعث مزید چینی روائتی ادویات ( ٹی سی ایم) بیلٹ اینڈ روڈ ممالک کے میڈیکل سسٹم میں شامل کردی گئی ہیں۔ بیجنگ میں منعقد ہو نے والے ٹی سی ایم سے متعلق فورم کے شرکاء کے مطابق چین نے بیلٹ اینڈ روڈ کے متعلقہ ممالک اور خطوں میں اوور سیز ٹی سی ایم سینٹرز کا ایک گروپ قائم کر دیا ہے جو ٹی سی ایم میں عالمی تعاون کے لئے کئی مراکز قائم کر رہا ہے۔ چینی ٹی سی ایم ماہرین نے روس اور پولینڈ سمیت دیگر ممالک میں تحقیقی دورے بھی کئے ہیں۔ چین اور آسیان کے ماہرین نے مشترکہ طور پر ایک کتاب شائع کی ہے جس میں متذکرہ ممالک میں استعمال ہونے والی350 قسم کی روائتی ادویات کی فہرست ہے۔ چین میں سنگاپور کے سفیر لوئی تک ییو نے کہا ہے کہ سنگا پور ٹی سی ایم کی ترقی کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور ایکوپنکچر کو بحالی تھراپی کے لئے عوامی ہسپتالوں میں متعارف کرا دیا گیا ہے۔ جنوب مغربی چینی صوبہ یننان کے نائب گورنر لی مالن نے کہا کہ سالانہ تقریباً 800 غیر ملکی طلبائ ٹی سی ایم کے مطالعے کے لئے یننا ن آتے ہیں اور تین لاکھ 50 ہزار غیر ملکی مریضوں میں سے ایک تہائی سے زیادہ ہر سال مقامی ہسپتالوں میں ٹی سی ایم کے ذریعے علاج کراتے ہیں۔