آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سیز فائر لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے دو شہریوں کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ عمرے کی ادائیگی کے دوران مجھے معلوم ہوا ہے کہ بھارتی فوج نے سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کے دوران دو شہریوں کو شہید کر دیا ہے جس پر غمزدہ ہوں۔انہوں نے بہادر پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دینے کو بے حد سراہا اور کہا کہ پاک فوج دفاع وطن کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔وزیراعظم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلیے تمام ضروری انتظامات کئے جائیں اور سیز فائر لائن کے گرد تعینات افسران و اہلکار ہمہ وقت مستعد رہیں۔انہوں نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔