نیب تحریک انصاف کے ماتحت ہونے کا تاثر غلط، اداروں کو طاقتور بنایا: گورنر

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ نیب پاکستان تحریک انصاف کے ماتحت ہے ہم صرف اداروں کو طاقتور بنانا اور سیاست سے پاک کرنا چاہتے ہیں، کرپشن کے علاوہ دیگر معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں، لانگ مارچ سے حکومتیں نہیں بدلتی۔ پی ٹی آئی نے لانگ بھی کیا اور126 دن کا دھرنا بھی دیا مجھے نہیں لگتا پی ٹی آئی جتنا دھرنا پی ڈی ایم دے سکے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گوجرانوالہ کے مقامی میرج ہال میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھاکہ کرپشن کے علاوہ دیگر معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں اپوزیشن کو بھی جان لینا چاہیے کہ لانگ مارچ سے حکومتیں نہیں بدلتی گورنر پنجاب کا کہنا تھاہم ان کو احتجاج سے نہیں روکتے لیکن ہمارے ملک میں اس وقت اہم چیلنج کرونا وائرس ہے اور اس کے خلاف ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے جلسے جلوس بعد کی باتیں ہیں۔پاکستان میں پہلی مرتبہ گور نر ہائوس لاہور میں باکسنگ پروفیشنل فائٹ کا انعقاد ہوا ،گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے افتتاح کیا ، اس موقع پروفاقی اور صوبائی وزراء سمیت دیگر شخصیات نے شر کت کی۔ برطانوی باکسر عامر خان کی زیر نگرانی ڈبلیو بی سی مڈل ایسٹ ٹائٹل باکسنگ مقابلے ہوئے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ شائقین کو اچھی پروفیشنل فائٹس دیکھنے کو ملیں ہیں اور پاکستان میں پہلی مرتبہ پروفیشنل فائٹ اَمن کی جیت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ  انٹر نیشنل کھلاڑیوں کو فول پروف سکیورٹی سمیت تمام سہولتیں فراہم کی گئیں ہیں۔گور نر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان پُر اَمن ملک ہے اور دہشت گردی ختم ہوچکی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور پولیس کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں کہ جن کی وجہ سے پاکستان میں اَمن قائم ہوا۔ 

ای پیپر دی نیشن