لاہور(کامرس رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن و سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس پرویز حنیف نے ٹیکس دہندگان کیخلاف مقدموں کے اندراج کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے والا گناہگار ٹھہرتا ہے ،22کروڑ کی آبادی میں صرف 21سے 22لاکھ لوگوںنے گوشوارے جمع کرائے ہیں ،ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز حنیف نے کہا کہ محسوس ہوتا ہے کہ ایف بی آر کی بنیاد ہی نوٹسز پر رکھ دی گئی ہے ، جو ریٹرنز جمع کرا رہا ہے اسے بھی نوٹس بھجوائے جارہے ہیں جو تکنیکی بنیادوں پر مہلت کی استدعا کرتا ہے اسے بھی ایک ہی چھڑی سے ہانکا جارہا ہے۔ اگروزیراعظم عمران خان نے ان معاملات پر فوری اور سنجیدگی سے نوٹس نہ لیا تو ٹیکس دینے والوں میں بے چینی مزید شدید ہو گی اس لئے فوری رپورٹ طلب کی جائے۔ وزیراعظم سے مطالبہ ہے کہ ایف بی آر سے پوچھاجائے کیا22کروڑ کی آبادی میں صرف 21سے22لاکھ لوگ ہی ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں۔