اوکارہ،لاہور ،سیالکوٹ سمیت کئی شہروں میں20گھنٹے گیس لوڈ شیڈنگ ،مظاہرے

Dec 20, 2021


 لاہور+ سیالکوٹ+ اوکاڑہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ این این آئی) سیالکوٹ‘ لاہور‘ اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں گیس کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی، دورانیہ 20 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث لاہور کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا، کئی علاقوں میں پریشر نہ ہونے کی وجہ سے بھی عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں، گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ ٹائون شپ اور ریلوے کالونی میں احتجاج کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور ریجن میں کمپنی کو شارٹ فال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اچھرہ، شالیمار، سمن آباد، ریلوے کالونی، چاہ میراں، مغلپورہ، محمد نگر، صدر، ٹائون شپ، کرشن نگرمیں خواتین کو کچن کے امور نمٹانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹائون شپ میں سوئی گیس کی بندش کے خلاف عوام نے ہاتھوں میں چولہے اور برتن اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اوکاڑہ اور گردونواح میں سوئی گیس کی غیراعلانیہ 20گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ گیس نہ ہونے کی وجہ تندوروں، ہوٹلوں پر کھانا خریدنے والوں کا رش بڑھ گیا۔ نان بائیوں نے تندوری روٹی کی قیمت بڑھا دی۔ عوام ہوٹلوں سے مضر صحت کھانا خریدنے پر مجبور ہوگئے۔ شدید سردی میں گیس نہ ہونے سے خواتین بچے اور بزرگ شہری متاثر ہورہے ہیں۔ غریب عوام مہنگے داموں کوئلہ اور جلانے کے لئے لکڑی بھی خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔ عوامی حلقوں نے کھانا پکانے کے اوقات اور رات کے ٹائم میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں