رحیم یار خان(بیورو رپورٹ )جے یو آئی (ایف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی او آئی سی کانفرنس کے نتیجے میں اگر اسلامی ممالک نے افغانستان کا معاشی بحران حل دیا تو اس سے نہ صرف اسلامی ممالک کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا بلکہ اس کے پاکستان پر بھی انتہائی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ گزشتہ روز نجی فارمز کے سی ای او چوہدری محمد اکرام کی وفات پر انکے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ او آئی سی کانفرنس کا انعقاد حکومت پاکستان کا انتہائی احسن اقدم ہے تاہم دیکھنا ہو گا کہ کیا اسلای ممالک اپنی مرضی سے اس کانفرنس میں افغانستان سے متعلق فیصلے کر سکیں گے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف،ورلڈ بنک اور ان سے ملحقہ ادارے پاکستان کو معاشی طور پر انتہائی کمزور کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خانیوال ضمنی انتخابات کے نتائج حکومت کے لئے نوشتہ دیوار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حکومت نئے عام اور بلدیاتی انتخابات الیکٹرونک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) کے ذریعے کرانا چاہتی ہے تاکہ دھاندلی سے ان انتخابات میں کامیابی حاصل ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتیں ای وی ایم کے تحت ہونے والے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیں گی۔اس موقع پر جے یو آئی سندھ کے رہنما مولانا غلام اللہ ہالیچوی،مولانا عبدالمالک بروہی،وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد نعیم شفیق،چیمبر کے صدر چوہدری جاوید ارشاد،مولان عبدالرؤف ربانی،چوہدری محمد عارف، چوہدری محمد شفیق،چوہدری انوار احمد نجمی،چوہدری نجم مجید،چوہدری ممتاز احمد،قاضی شفیق الرحمن،قاری ظفر اقبال،شیراز احمد برجا،حیدر اکرام برجا،میاں محمد اسلم،اوکیش گیلانی،قاری محمد عبداللہ،قاری عظیم بخش و دیگر بھی موجود تھے۔
او آئی سی کانفرنس حکومت کا احسن اقدام ہے،غفور حیدری
Dec 20, 2021